نعمان اعجاز کا جشن آزادی سے متعلق پیغام وائرل

شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار نعمان اعجاز کا جشنِ آزادی سے متعلق ایک معنی خیز پیغام سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔ فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر نعمان اعجاز نے اپنے پیغام میں لکھا کہ “وہ بچے جو 14 اگست کے موقع پر سبز ہلالی پرچم، جھنڈیاں اور روشنیوں سے اپنے گھر سجاتے تھے۔ ان کی آنکھوں میں ایک روشن مستقبل، متحد قوم اور مضبوط وطن کے خواب ہوتے تھے۔” انہوں نے مزید لکھا کہ “وقت گزرتا گیا اور جب وہ بچے بڑے ہوئے تو ان خوابوں کی جگہ مایوسی، ناانصافی، کرپشن، غربت اور عدم تحفظ نے لے لی۔” نعمان اعجاز کے مطابق تعلیمی نظام میں قابلیت کو دبا دیا گیا، میرٹ ختم ہوگیا اور روزگار صرف سفارش رکھنے والوں کے لیے محدود ہو کر رہ گیا۔ ریاست نے نہ عزت دی نہ سہارا، اب وہی نسل جو وطن سے محبت کی مثال تھی آج پاسپورٹ اور ویزا کے لیے لائنوں میں کھڑی ہے تاکہ کسی اور ملک میں وہ زندگی گزار سکیں جو اس نے کبھی پاکستان میں چاہی تھی۔ یہ صرف ہجرت نہیں بلکہ خوابوں کا جنازہ ہے، ایک ایسا خواب جو ہم نے جو خود ہم نے اپنے ہاتھوں سے دفن کردیا۔ اداکار نے آخر میں اپنی پوسٹ میں افسردگی کا اظہار کیا۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے نعمان اعجاز کے پیغام سراہا جارہا ہے اور صارفین کا کہنا ہے کہ آپ نے سچائی بیان کی ہے۔