یوٹیوب نے عمر کی تصدیق کے لیے ایک نیا اے آئی سسٹم آزمانے کا اعلان کیا ہے جو صارفین کی ویڈیوز دیکھنے کی عادات سے ان کی عمر کا اندازہ لگائے گا، تاکہ کم عمر صارفین کو نامناسب مواد سے روکا جا سکے۔ ابتدائی طور پر یہ نظام صرف امریکہ میں ٹیسٹ کیا جائے گا اور مؤثر ثابت ہونے پر عالمی سطح پر نافذ ہو سکتا ہے۔ یوٹیوب کے ڈائریکٹر پروڈکٹ مینجمنٹ جیمز بیسر کے مطابق، پلیٹ فارم نوجوانوں کے تحفظ اور پرائیویسی دونوں کو ترجیح دیتا ہے۔ یہ فیچر صرف لاگ اِن صارفین کے لیے فعال ہوگا اور 18 سال سے کم عمر قرار دیے گئے صارفین پر موجودہ نابالغ پابندیاں خود بخود لاگو ہو جائیں گی۔ ان پابندیوں میں اسکرین ٹائم سے وقفے کی یاد دہانی، پرائیویسی وارننگز اور ویڈیو ریکمینڈیشنز پر پابندیاں شامل ہیں۔ یوٹیوب، جو تقریباً 20 سال سے گوگل کی ملکیت ہے، نابالغ صارفین کو ذاتی دلچسپی پر مبنی اشتہارات بھی نہیں دکھاتا۔ اگر کسی صارف کو غلطی سے نابالغ قرار دیا جائے تو وہ اپنی عمر کی تصدیق حکومت کے جاری کردہ شناختی کارڈ، کریڈٹ کارڈ یا سیلفی کے ذریعے کروا سکتا ہے۔ امریکا میں ویب سائٹس پر سیاسی دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ نابالغوں کو نامناسب مواد سے بچانے کے لیے عمر کی تصدیق کے بہتر اقدامات کریں۔ اس دباؤ میں اس وقت مزید اضافہ ہوا جب جون کے آخر میں امریکی سپریم کورٹ نے ٹیکساس کے ایک قانون کو برقرار رکھا، جس کا مقصد کم عمر افراد کو آن لائن فحش مواد دیکھنے سے روکنا ہے۔ کچھ تنظیمیں، جیسے الیکٹرانک فرنٹیئر فاؤنڈیشن اور سینٹر فار ڈیموکریسی اینڈ ٹیکنالوجی، نے خبردار کیا ہے کہ عمر کی تصدیق کے ایسے اقدامات صارفین کی پرائیویسی کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگا سکتے ہیں۔

