ملک سے فرار ہونے کی کوشش، ڈکی بھائی نئی مصیبت میں پھنس گئے

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کو لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔ ذرائع کے مطابق ڈکی بھائی کے خلاف مختلف مقدمات کی تحقیقات جاری تھیں اور ان کا نام پروویژنل نیشنل آئیڈینٹیفکیشن لسٹ میں شامل تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ بیرونِ ملک جانے کی کوشش کر رہے تھے تاکہ قانونی کارروائی سے بچ سکیں، تاہم ایئرپورٹ حکام نے انہیں روک لیا۔ واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں موٹروے پولیس نے ان کے خلاف دورانِ ڈرائیونگ خطرناک اسٹنٹ کرنے اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے الزامات پر دو مقدمات درج کیے تھے۔ الزام یہ بھی تھا کہ انہوں نے گاڑی چلاتے ہوئے اسٹیئرنگ پر پاؤں رکھا جبکہ گاڑی کی رفتار 200 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی تھی۔ یہ مقدمات راولپنڈی کے تھانہ چکری اور لکسیاں میں درج کیے گئے تھے، جس کے بعد ڈکی بھائی نے گرفتاری سے بچنے کے لیے ضمانت حاصل کر لی تھی۔ تاہم اب انہیں ایئرپورٹ پر اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ مبینہ طور پر ملک چھوڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ 2024 میں بھی ڈکی بھائی اور ان کی اہلیہ عروب جتوئی کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پولیس نے اس وقت حراست میں لیا تھا جب انہوں نے سوشل میڈیا پر اسلحے کی نمائش کی تھی۔ حکام کے مطابق وہ مختلف مقدمات میں تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں اور مزید قانونی کارروائی متوقع ہے۔