سوشل میڈیا پر جوئے کی تشہیر اور فحش مواد اپ لوڈ کرنے کے الزامات کا سامنا کرنے والے معروف یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید چار دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔ لاہور کی ایک مقامی عدالت نے 19 اگست کو سوشل میڈیا کے ذریعے جوا ایپلیکیشنز کے مبینہ فروغ سے متعلق کیس کی… ڈکی بھائی کو ابتدائی دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ تفتیشی افسر شعیب ریاض نے عدالت سے ملزم کے 28 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، یہ مؤقف اپناتے ہوئے کہ ملزم مبینہ طور پر ایک بین الاقوامی جوا نیٹ ورک سے وابستہ ہیں اور مزید تفتیش کے لیے وقت درکار ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد جسمانی ریمانڈ میں 23 اگست تک توسیع کر دی۔ ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزم کو دوبارہ عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ سعد الرحمٰن کو 17 اگست کو نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے کئی غیر رجسٹرڈ جوا ایپلیکیشنز کی تشہیر کی، جس سے عوام کو مالی نقصانات اٹھانے پڑے۔ این سی سی آئی اے کے مطابق ملزم کے موبائل فون سے واٹس ایپ چیٹس اور ادائیگیوں کے ثبوت ملے ہیں، جو ان کے جوا ایپلی کیشنز کے ساتھ تعلقات کو ظاہر کرتے ہیں۔ تفتیش کاروں نے دعویٰ کیا کہ ڈکی بھائی اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریوینیو (ایف بی آر) کی اجازت کے بغیر ہی ایک جوا ایپلی کیشن کے لیے ’کنٹری مینیجر‘ کے طور پر کام کر رہے تھے۔

