پاکستان کے معروف اور کم عمر ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹر طلحہ احمد کا انسٹاگرام اکاؤنٹ ایک روز معطل رہنے کے بعد بحال کر دیا گیا۔ ایک ویڈیو پیغام میں طلحہ احمد نے انسٹاگرام کی پالیسی پر طنزیہ انداز میں سوال اٹھایا اور کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آیا کہ ان کا اکاؤنٹ کیوں بند کیا گیا۔ انہوں نے اپنے اہلخانہ اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا جو اس دوران ان کے ساتھ رابطے میں رہے۔ طلحہ احمد کا کہنا تھا کہ اللہ کے کرم، دوستوں کی محنت اور مداحوں کی دعاؤں سے ان کا اکاؤنٹ بحال ہوا۔ انہوں نے بعض لوگوں کی جانب سے مبینہ رپورٹس پر شاعرانہ انداز میں کہا: “ہم ہی کو جراتِ اظہار کا سلیقہ ہے، صدا کا قحط پڑے گا تو ہم ہی بولیں۔” طلحہ احمد نے مزید بتایا کہ ان کے پاس بہت سا نیا کانٹینٹ ہے جو وہ جلد اپنے فالوورز کے ساتھ شیئر کریں گے، اس لیے سب لوگ ان کے ساتھ جڑے رہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ ہمیشہ کی طرح اپنے کام کے ذریعے سوشل میڈیا صارفین میں خوشیاں اور مسکراہٹیں بانٹتے رہیں گے۔ طلحہ احمد نے حال ہی میں کراچی میں بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر مخصوص میئر اور گورنر کے عنوانات کے ساتھ طنزیہ ویڈیوز بھی بنائیں۔ انسٹاگرام پر طلحہ احمد کے 8 لاکھ 69 ہزار فالوورز ہیں، جبکہ ٹک ٹاک پر ان کے فالوورز ایک لاکھ 21 ہزار سے زائد ہیں۔ یوٹیوب پر ان کے سبسکرائبرز کی تعداد بھی ایک لاکھ 42 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ یاد رہے کہ طلحہ احمد اپنی ویڈیوز میں سیاسی، سماجی اور گھریلو موضوعات کو مزاحیہ اور منفرد انداز میں پیش کرتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ لاکھوں لوگوں کے دل جیت چکے ہیں۔ طلحہ احمد نے جولائی میں وزیراعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کی تھی جس میں وزیراعظم نے طلحہ احمد کے کام کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ اور ٹیبلیٹ سے نوازا تھا۔






