ابھرتے ہوئے اداکار ثمر جعفری نے یک طرفہ محبت میں ناکامی اور دل ٹوٹنے کے تجربے کے بارے میں کھل کر بات کی، اور کہا کہ یک طرفہ محبت بعض اوقات اچھی لگتی ہے، لیکن اس کی وجہ سے انسان اپنی اصل شخصیت کو بھول جاتا ہے۔ ثمر جعفری نے حال ہی میں ایک نجی پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے زندگی کے مختلف پہلوؤں پر بات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمر میں ذرا سی کامیابی ملنے کے بعد ذہن میں یہ خیال فوراً آ جاتا ہے کہ اب میں مشہور ہو گیا ہوں اور لوگ مجھے ہر جگہ پہچانیں گے۔ تاہم ایسا اکثر نہیں ہوتا۔ مثال کے طور پر، جب ان کے انسٹاگرام پر 10 لاکھ فالوورز ہوئے تو وہ تھوڑے مغرور ہو گئے، لیکن بعد میں یہ سوچ بدل گئی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ شعور انہیں اس وقت آیا جب ان کی زندگی کے ایک اہم رشتے کا خاتمہ ہوا اور دو سال قبل ان کے ایک بہت قریبی دوست کی اچانک موت ہو گئی۔ اس کے بعد انہیں احساس ہوا کہ یہ دنیا مستقل نہیں ہے اور ہم سب یہاں زیادہ دیر کے لیے نہیں ہیں۔ اداکار کے مطابق جب انسان یہ حقیقت سمجھ لیتا ہے تو خود بخود زمین پر آ جاتا ہے اور یہ جان لیتا ہے کہ وہ اپنے آپ میں کچھ نہیں ہے۔ ثمر جعفری نے کہا کہ یک طرفہ محبت اچھی لگ سکتی ہے، لیکن اس کی وجہ سے انسان اپنی اصل شخصیت کو بھول کر خود کو اس انداز میں بدلنے کی کوشش کرتا ہے جو سامنے والے کو پسند آئے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اسکول کے زمانے میں انہیں بھی ایک طرفہ محبت ہوئی تھی۔ اس وقت انہوں نے یہ طے کر لیا تھا کہ زندگی میں بہت کامیاب ہونا ہے اور 21 سال کی عمر میں اتنے پیسے ہونا چاہیے کہ وہ اپنی یک طرفہ محبت کے بارے میں اعتماد کے ساتھ بات کر سکیں۔ اداکار نے کہا کہ زندگی میں کامیابی تو حاصل ہوگئی، لیکن جب یک طرفہ محبت سے بات کرنے کا وقت آیا تو انہیں معلوم ہوا کہ ان کی یک طرفہ محبت کی زندگی میں کوئی اور شخص آگیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اُس شخص کے زندگی سے چلے جانے کا کوئی افسوس نہیں ہے، کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ اگر وہ اس ایک شخص کے چلے جانے کا افسوس کرتے تو دوسری طرف ان لاکھوں لوگوں کا کیا ہوتا جو ان سے اتنی محبت کرتے ہیں۔ اس لیے وہ ناشکری نہیں کرنا چاہتے اور انہیں لگتا ہے کہ اللہ نے ان کے لیے بہترین ہی سوچا ہوگا۔






