پاکستانی اداکار و ماڈل خاقان شاہنواز نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کی اصل جنگ ایک دوسرے کے خلاف نہیں بلکہ غربت اور موسمیاتی تبدیلی کے خلاف ہے۔ اداکار نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا اور عوام پر زور دیا کہ حقیقی مسائل پر توجہ دیں۔ اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے دوران لوگ میمز بنا رہے تھے۔ بھارت والے کہہ رہے تھے کہ ہم پاکستان کا پانی روک دیں گے، اور پاکستانی کہہ رہے تھے کہ مون سون آنے دو، بھارت سے پانی کے ساتھ اور بھی بہت کچھ آئے گا۔ اداکار نے بتایا کہ پھر وہی ہوا، مون سون آیا اور اتنی تباہی ہوئی کہ دونوں ممالک کو سنبھلنے کے لیے سخت اقدامات کرنے پڑے۔ خاقان شاہنواز نے کہا کہ اصل بات یہ ہے کہ پاکستان اور بھارت کی اصل جنگ ایک دوسرے کے خلاف نہیں بلکہ غربت اور آنے والے دنوں میں موسمیاتی تبدیلی کے خلاف ہوگی۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ بجائے اس کے کہ ہم ایک دوسرے کے خلاف میمز بنائیں یا مذہب اور ملک کے بارے میں منفی باتیں کریں، بہتر ہوگا کہ مل کر بیٹھیں اور موسمیاتی تبدیلی کا حل تلاش کریں۔ بصورت دیگر، 10 سال بعد نہ بھارت باقی رہے گا نہ پاکستان، صرف انٹرنیٹ پر میمز بچیں گی۔






