شان کا بھارت میں کام نہ کرنے کا راز، خود ہی کھول دیا پردہ

پاکستان کے مشہور سینئر اداکار شان شاہد نے بھارت میں کام نہ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ کیونکہ ان کے والد کا نام ریاض شاہد ہے اس لیے وہ انڈین فلموں میں کام نہیں کرسکتے۔ اداکار شان فلمی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے والد ریاض شاہد پاکستان کے عظیم ہدایتکار تھے، جنہیں وطن سے بے پناہ محبت تھی، اور والدہ نیلو بیگم بھی ایک مشہور اداکارہ رہیں۔ اداکار خود بھی ’وار‘، ’خدا کے لیے‘، ’یلغار‘، ’مجھے چاند چاہیے‘ اور ’سنگم‘ جیسی متعدد ہٹ اور ایکشن سے بھرپور فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ آج کل شان اپنی آنے والی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ حال ہی میں فلم ”بلھا“ کے لیے منعقد ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے بھارت میں کام نہ کرنے کے اپنے فیصلے پر ڈٹے رہنے کے بارے میں کھل کر کہا۔ اس پریس کانفرنس میں اداکارہ مونا لیزا بھی موجود تھیں جو فلم میں شان کے ساتھ مرکزی کردار میں ہیں اور انڈین فلموں میں کام کرچکی ہیں۔ شان نے کہا، ’میں بھارت میں کام نہیں کرتا کیونکہ میرے والد کا نام ریاض شاہد ہے۔ اگر مونا لیزا کے والد کا نام بھی یہی ہوتا تو وہ بھی بھارت میں کام کرنے سے انکار کر دیتیں۔‘ انہوں نے کہا، ’یہ میری ذاتی رائے ہے اور میں کسی پر اسے مسلط نہیں کر رہا۔ میں نے خود وہاں کام کرنے سے انکار کیا ہے، مگر دوسروں فنکاروں کے وہاں کام کرنے کے خلاف نہیں ہوں۔‘