معروف اطالوی سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈیمیانو البرتی 23 سال کی عمر میں کینسر کے خلاف طویل جدوجہد کے بعد چل بسے،ان کے اہلِ خانہ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ان کی وفات کی تصدیق کی۔ 16 فروری کو انسٹاگرام پر جاری کیے گئے پیغام میں خاندان نے جذباتی الفاظ میں لکھا کہ “ہم میں سے ایک حصہ ہمیشہ کے لیے ہم سے جدا ہو گیا، ڈیمیانو اب اُن تمام تکالیف سے آزاد ہیں جن سے وہ گزر رہے تھے،” اہلِ خانہ نے اس مشکل وقت میں ساتھ دینے والے مداحوں اور حمایتیوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ بیان میں کہا گیا کہ ڈیمیانو اپنی آن لائن کمیونٹی سے بے حد محبت کرتے تھے اور سوشل میڈیا پر تخلیق کیے گئے اپنے کام پر فخر محسوس کرتے تھے، پیغام کے ساتھ ان کی مسکراتی ہوئی تصویر بھی شیئر کی گئی۔ ان کی وفات کی خبر سامنے آتے ہی مداحوں نے کمنٹس میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا، ڈیمیانو البرتی کے انسٹاگرام پر ہزاروں فالوورز تھے، جہاں وہ لائف اسٹائل سے متعلق مواد شیئر کرتے اور اپنے مداحوں سے مسلسل رابطے میں رہتے تھے۔ یاد رہے کہ مئی 2023 میں انہوں نے بتایا تھا کہ انہیں ٹانگ میں مہلک رسولی (کینسر) کی تشخیص ہوئی ہے، اس موقع پر انہوں نے مداحوں کو سوشل میڈیا سے عارضی دوری کی وجہ بھی بتائی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ خبر ان کے لیے بہت بھاری تھی، تاہم وہ پُرامید رہتے ہوئے ماہر ڈاکٹروں کی نگرانی میں علاج شروع کر رہے ہیں اور اس مرحلے کا حوصلے سے سامنا کر کے دوبارہ اپنے مداحوں کے پاس لوٹنا چاہتے ہیں۔






