پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ علیزے شاہ نے سینیئر اداکار و ہدایت کار یاسر نواز کی جانب سے صلح کی پیشکش کو انتہائی سخت لہجے میں مسترد کر دیا ہے۔ علیزے شاہ اور یاسر نواز کے درمیان جاری لفظی جنگ نے ایک نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ ڈرامہ سیریل ”میرا دل میرا دشمن“ کے سیٹ سے شروع ہونے والے اختلافات اب ایک ایسی تلخی میں بدل چکے ہیں جو ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ یاسر نواز نے حال ہی میں ایک مثبت رویہ اپناتے ہوئے علیزے شاہ کی اداکاری کی تعریف کی اور انہیں اپنے مستقبل کے کسی پراجیکٹ میں بطور مرکزی اداکارہ کاسٹ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ علیزے نے بہادرانہ اور جارحانہ انداز میں کہا: ”میری جوتی کرتی ہے اب کام ان کے ساتھ ٹاک ٹو مائی فوٹ، میں کبھی بھی ان کے ساتھ کام نہیں کروں گی۔“ یاد رہے کہ یہ دونوں اداکار ڈرامہ میرا دل میرا دشمن میں کام کے دوران ایک دوسرے سے اختلافات کا شکار ہوئے تھے اور تب سے ان کے درمیان زبانی جنگ جاری ہے۔ یہ تنازع اس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب یاسر نواز نے ایک ٹی وی شو میں علیزہ پر تنقید کی اور اداکارہ کے ساتھ کام کرنے کے تجربے کو ناخوشگوار قرار دیا، جس پر علیزہ نے ان پر نامناسب رویے کا الزام لگایا اور خبردار کیا کہ اگر وہ بات کرتے رہے تو وہ ان کے خلاف سامنے آئیں گی۔ علیزے شاہ کے اس سخت موقف پر ان کے مداح فوراً ان کے جواب کے حق میں کھڑے ہو گئے۔ ایک مداح نے لکھا: ”جن لوگوں نے اسے تنازعات میں گھسیٹا اور ذہنی دباؤ میں ڈالا، اب وہ اسی زبان میں جواب دینا سیکھ گئی ہیں جس میں ان سے بات کی گئی تھی۔“






