پاکستانی معروف اداکارہ ریشم نے کسی کا نام لیے بغیر اپنے اوپر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوگ میرے لنگر کی وجہ سے مجھ سے حسد کرتے ہیں۔ حال ہی میں پاکستانی پنجابی فلم اور تھیٹر انڈسٹری کی معروف اداکارہ دیدار نے اداکارہ ریشم پر دوسروں کی زندگیاں خراب کرنے کا سنگین الزام عائد کیا تھا، جس کے بعد سے دونوں اداکارائیں خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں۔ اب ریشم نے ایک پروگرام میں شرکت کرتے ہوئے اس تنقید کا کسی کا نام لیے بغیر بھرپور انداز میں جواب دیا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرا وقت ابھی ختم نہیں ہوا، بلکہ لوگ میرے لنگر سے حسد کرتے ہیں کیونکہ وہ اس کا خرچ برداشت نہیں کر سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھ پر تنقید کرنے والوں کی پہچان کیا ہے؟ ان کی شہرت کی بنیاد ان کی بہن ہے، ایک شخص جو 30 سال سے دن رات ناچ رہا ہے، مگر اس کی اپنی شناخت کیا ہے؟ ان کی بہن، یہ افسوسناک ہے۔ ریشم نے یہ بھی کہا کہ آپ کو ان لوگوں کا ذکر کرنا چاہیے جنہوں نے زندگی میں کچھ حاصل کیا ہو، ایک اچھا انسان ہمیشہ آپ کے بارے میں اچھا ہی بولے گا، جبکہ برا انسان صرف زہر اگلتا ہے۔






