پاکستانی اداکارہ رمشا خان نے ساتھی اداکار خوشال خان سے شادی کی تصدیق کر دی۔ پاکستانی اداکارہ رمشا خان اور اداکار خوشحال خان کے درمیان مبینہ تعلقات کافی عرصے سے زیرِ گردش تھے، دونوں نے ایک ساتھ دو بڑے ڈراموں میں کام کیا جس کے بعد آن اسکرین کیمسٹری کو آف اسکرین رومانس قرار دیا جانے لگا۔ حالیہ دنوں ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جسے دونوں کے نکاح کی تصویر قرار دیا گیا، حالانکہ خوشحال خان اس سے قبل انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے ان افواہوں کی تردید کر چکے تھے۔ وائرل ہونے والی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رمشا خان نے ہلکے جامنی رنگ کا لباس اور سبز دوپٹہ اوڑھ رکھا ہے جبکہ خوشحال خان سفید لباس میں ملبوس ہیں۔ تصویر میں دونوں کو مبینہ طور پر نکاح کے بعد ایک ساتھ بیٹھے دکھایا گیا ہے جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے قیاس آرائیاں شروع کر دیں کہ دونوں شادی کے بندھن میں بندھ چکے ہیں۔ دوسری جانب رمشا خان نے اس معاملے پر ردِعمل دیتے ہوئے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے تمام تصاویر اور پوسٹس حذف کر دیں۔ رمشا خان کی خوشحال خان سے خفیہ نکاح کی وائرل تصویر پر لب کشائی بعد ازاں انہوں نے خاموشی توڑتے ہوئے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا کہ نجی تصاویر ہماری اجازت کے بغیر لیک کی گئیں، یہ آپ کے لیے کوئی کنٹینٹ نہیں ہے، میں اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھنا پسند کرتی ہوں اور میں اب بھی یہی کروں گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ان تصاویر کو مزید شیئر نہ کیا جائے، یہ تصویر نکاح میں موجود کسی فرد کی جانب سے لیک کی گئی ہیں۔ اداکارہ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ میں زندگی کے اس نئے سفر میں داخل ہو رہی ہوں تو میں یہ امید کرتی ہوں کہ ہماری شیئر کردہ تمام تصاویر ڈیلیٹ کر دی جائیں اور دوبارہ کہیں پوسٹ نہ کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہماری زندگی ہے، آپ کی ہیڈ لائنز نہیں، اس کی عزت کریں اور ہمیں تنہا چھوڑ دیں، باقی وقت آنے پر سب کو بتا دیا جائے گا۔ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر مداحوں کی جانب سے مختلف ردِعمل سامنے آ رہے ہیں، کچھ صارفین نے سوال اٹھایا کہ نکاح کو خفیہ کیوں رکھا گیا جبکہ بعض نے ایسے خفیہ نکاح کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے دونوں اداکاروں کی شادی کی افواہ سوشل میڈیا پر زیرِ گردش تھی جب کہ دو سے تین معروف شخصیات نے ان کی شادی کی تصدیق کی تھی۔






