رمشا خان کے بعد حاوی کی نکاح تصاویر وائرل، حقیقت کیا ہے؟

پاکستان کے معروف گلوکار حاوی کی دلہن کے ساتھ تصویر وائرل ہونے نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق حاوی نے حالیہ دنوں اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک اسٹوری شیئر کی، جس میں وہ اور ایک لڑکی پشت کی جانب سے تصویر میں موجود ہیں، جبکہ دونوں دلہا دلہن کے لباس میں نظر آ رہے ہیں۔ تصویر منظرِ عام پر آتے ہی سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا، اور معاملہ تیزی سے توجہ کا مرکز بن گیا۔ وائرل انسٹاگرام اسٹوری میں حاوی کو شادی سے مشابہ انداز میں دیکھا گیا، جس کے بعد بعض صارفین نے اسے خفیہ نکاح قرار دینا شروع کر دیا۔ کچھ صارفین نے مزاحیہ انداز اختیار کرتے ہوئے دلہن کی شناخت اداکارہ میرب علی سے جوڑنے کی بھی کوشش کی، جس کے باعث سوشل میڈیا پر تبصروں اور قیاس آرائیوں میں مزید شدت آ گئی۔ دوسری جانب صارفین کی ایک بڑی تعداد اس صورتحال کو ایک ممکنہ میوزک پراجیکٹ قرار دے رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ منظر کسی آنے والے گانے یا میوزک ویڈیو کا حصہ ہو سکتا ہے، جسے دانستہ طور پر اس انداز میں شیئر کیا گیا ہے تاکہ مداحوں میں تجسس پیدا کیا جا سکے۔