پاکستانی سوشل میڈیا سٹار رجب بٹ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے، مگر اس بار معاملہ ان کی نجی زندگی سے جڑا نیا تنازع بن کر سامنے آیا ہے۔ معروف انفلوئنسر لاریب ملک نے دعویٰ کیا ہے کہ رجب بٹ نے انہیں انسٹاگرام پر ذاتی پیغام بھیجا، جس کے بعد انہوں نے نہ صرف فوری طور پر انہیں بلاک کیا بلکہ مبینہ اسکرین شاٹس بھی سوشل میڈیا پر شیئر کر دیے۔ وائرل ہونے والی اطلاعات کے مطابق رجب بٹ نے لاریب ملک کو خود کو ’بڑا مداح‘ ظاہر کرتے ہوئے رابطہ کیا، تاہم لاریب نے اس پیش رفت کو نظر انداز کرنے کے بجائے عوامی سطح پر سامنے لانے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں واضح کیا کہ انہوں نے ’کوئین بیہیویئر‘ اپناتے ہوئے فوراً بلاک کردیا،اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے لاریب کے مؤقف کو سراہا جبکہ رجب بٹ کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب رجب بٹ پہلے ہی اپنی اہلیہ ایمان فاطمہ سے علیحدگی اور طلاق سے متعلق خبروں کے باعث شدید عوامی بحث کا حصہ بنے ہوئے ہیں۔ ان کی ازدواجی زندگی کے گرد گردش کرنے والی افواہوں نے پہلے ہی ان کے مداحوں کو تقسیم کر رکھا تھا، اور اب یہ نیا واقعہ ان کی سوشل میڈیا ساکھ پر مزید سوالات اٹھا رہا ہے۔ تازہ واقعے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک بار پھر رجب بٹ کے رویے، نجی تعلقات اور عوامی امیج پر بحث چھڑ گئی ہے۔ اگرچہ رجب بٹ کی جانب سے اس معاملے پر فوری باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم یہ واقعہ ان کے لیے ایک اور نیا بحران بنتا دکھائی دے رہا ہے۔






