چلاس، گلگت بلتستان پولیس نے بابوسر روڈ کی بندش میں 6 جون تک توسیع کر دی ہے، جس کے باعث شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ ترجمان گلگت بلتستان پولیس کے مطابق بابوسر ٹاپ اور گرد و نواح میں مسلسل برفباری اورخراب موسمی صورتحال کے باعث سڑک کو ٹریفک کے لئے کھولنا ممکن نہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ برف ہٹانے اور شاہراہ کو محفوظ بنانے کے لئے متعلقہ ادارے مسلسل کام کر رہے ہیں، بابوسر روڈ پر برف کی موٹی تہہ جمی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے سفرخطرناک ہو سکتا ہے۔ عوام اور سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اوراپنی منزل تک پہنچنے کے لیے متبادل راستے اختیارکریں۔ ترجمان کے مطابق موسم میں بہتری اور برف ہٹانے کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بحال کیا جائے گا، جبکہ صورتحال سے متعلق عوام کو بروقت آگاہ رکھا جائے گا۔






