دنیا کے مقبول ترین یوٹیوبر مسٹر بیسٹ (Mr Beast) شادی کے بندھن میں بندھ گئے ہیں۔ مسٹر بیسٹ (جن کا اصل نام جمی ڈونلڈسن ہے) نے تھیا بویسین سے ایک جزیرے میں شادی کی۔ انسٹا گرام پر انہوں نے شادی کی تقریب کی تصاویر شیئر کیں۔ اس پوسٹ کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ‘میں نے مسز بیسٹ کو ڈھونڈ لیا ہے’۔ انہوں نے اسے اپنی زندگی کا بہترین دن قرار دیا۔ خیال رہے کہ امریکا سے تعلق رکھنے والے جمی ڈونلڈسن کا یوٹیوب چینل سب سے زیادہ سبسکرائب کیا جانے والا چینل ہے۔ تھیا بویسین بھی معروف یوٹیوبر ہیں اور جنوبی افریقا سے تعلق رکھتی ہیں۔ انہوں نے قانون اور سائیکولوجی میں ڈگریاں لی ہوئی ہیں اور اکثر مسٹر بیسٹ کی ویڈیوز میں بھی نظر آتی ہیں۔ دونوں پہلی بار 2022 میں جنوبی افریقا میں ملے تھے۔ ایک انٹرویو کے دوران تھیا بویسین نے بتایا کہ ‘جب میں اس سے ملی تو یہ جان کر حیران ہوئی کہ وہ بہت منکسر المزاج اور بہت زیادہ ذہین ہیں’۔ پہلی ملاقات کے بعد دونوں کے درمیان رابطہ برقرار رہا اور ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوگئے۔ دونوں کی شادی Necker آئی لینڈ میں ہوئی جس میں 70 دوستوں اور خاندان کے افراد نے شرکت کی۔ شادی کی تقاریب کا آغاز 14 جولائی کو ہوا اور وہ ایک ہفتے تک جاری رہیں۔






