حالیہ جنگ میں ایک ہزار اسرائیلی اہلکار اور سینکڑوں امریکی فوجی ہلاک کیے گئے ہیں: ترجمان ایرانی افواج

ایرانی مسلح افواج کے سینیئر ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا ہے کہ حالیہ جنگ میں ایک ہزار اسرائیلی اہلکار ہلاک، ہزاروں زخمی کیےگئے، جنگ میں مارے گئے امریکی فوجیوں کی تعداد بھی سیکڑوں میں ہے۔ ترجمان ایرانی افواج کے مطابق امریکا اور اسرائیل اپنے اہلکاروں کی ہلاکتوں کو چھپا رہے ہیں، افغانستان اور عراق جنگ میں بھی ایسا ہی ہوا تھا، امریکا نے افغانستان اور عراق جنگ میں اصل ہلاکتیں بعد میں ظاہر کی تھیں۔ بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے کہا کہ امریکا نے ہلاک فوجیوں کی باقیات بھی بعد میں لواحقین کے حوالے کی تھیں، امریکی فوج ہالی وڈ اور پروپیگنڈا فوج ہے جو مسلم ممالک کے وسائل کو لوٹ کا مال سمجھتی ہے۔ ایرانی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ایران نے دنیا کو دکھا دیا کہ امریکی فوج اور صیہونی حکومت ہالی وڈکے دکھاوے سے زیادہ نہیں۔ بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے کہا کہ امریکی اڈوں کو اپنے ملک میں رکھنے والے ممالک کو بھی احساس ہوگیا کہ وہ ان کی حفاظت نہیں کرسکتا، جوامریکا اپنا تحفظ نہیں کرسکتا وہ ان کا تحفظ کیسے کرےگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آیت اللہ خامنہ ای اور میناب اسکول کے طلبہ کی شہادت کا بدلہ ضرور لیا جائے گا۔