ایران امریکا ثالثی پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے، اقوام متحدہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، انتونیو گوتریس

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ ایران امریکا ثالثی پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے، اقوام متحدہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف مشرق وسطیٰ اور دوسری طرف یوکرین کی جنگ ہے، پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان زبردست سہولت کاری کی، پاکستان نے وہ کام کر دکھایا… دفتر خارجہ اسلام آباد میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک کو اپنے وعدوں کا احترام کرنا چاہئے، پاکستان میرے دل کے بہت قریب ہے، افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستانی عوام کی غیر معمولی سخاوت دیکھی۔پاکستان نے افغان پناہ گزینوں کے ساتھ اپنا سب کچھ بانٹا۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں پاکستانیوں نےثابت قدمی، حوصلے اور عزم کا اظہار کیا،پاکستان بڑے تنازعات میں اہم ثالث کے طور پر اپنی صلاحیت اور اعتبار ثابت کرچکا ہے۔پاکستان کو فریقین کی طرف سے قبول کیا جاتا ہے۔ قبل ازیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب میں پناہ گزینوں کا کمشنر تھا، میں نے اپنے 10 سالہ مدت کے دوران دیکھا کہ پاکستانی عوام نے افغان پناہ گزینوں کا جس طرح استقبال کیا۔ پاکستان نے افغان پناہ گزینوں کے ساتھ اپنا سب کچھ بانٹا، وہ سخاوت اور یکجہتی کی نا قابلِ یقین مثال تھی۔ صحافی کے اس سوال کہ دوسری بار پاکستان کے دورے کا کیا مقصد ہے اور واشنگٹن اور تہران کے درمیان امن قائم کرنے میں پاکستان کے سفارتی کردار پر کیا کہیں گے؟ پر انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان میرے دل کے بہت قریب ہے، میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے طور پر اپنا دورِ دوبارہ پاکستان آئے بغیر مکمل نہیں کر سکتا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف مشرق وسطیٰ اور دوسری طرف یوکرین کی جنگ ہے، پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان زبردست سہولت کاری کی، پاکستان نے وہ کام کر دکھایا جو تقسیم شدہ دنیا میں آج بہت مشکل کام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں ان مشکل لمحوں میں بھی پاکستان آیا جب دہشتگرد جنوب کی طرف تقریباً اسلام آباد کے قریب تک پہنچ گئے تھے، دہشتگردی ہر صورت میں ناقابلِ قبول ہے، میں ایک بار پھر پاکستانی عوام کی دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پائیداری اور ہمت دیکھ رہا ہوں۔ یو این سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ میں نے دیکھا کہ کس طرح مشکل حالات میں پاکستانی ایک دوسرے کی مدد کر رہے تھے، پاکستانی بے گھر ہونے والے لوگوں کو جرات، حوصلے اور عزم کے ساتھ سہارا دے رہے تھے۔ بھارت پانی کو ہتھیار بنانے سے باز رہے، وزیر خارجہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت پانی کو ہتھیار بنانے سے باز رہے جبکہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف ہونے والی دہشت گردی پر سخت تشویش ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان کو افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال ہونے پر تشویش ہے۔ جبکہ پاکستان دہشت گردی سمیت مختلف چیلنجز سے نمٹ رہا ہے اور عالمی امن و سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے خوشگوار ملاقات ہوئی، جس میں خطے کی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی اور کثیرالجہتی نظام کے مستقبل پر بھی گفتگو ہوئی۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے ساتھ قریبی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم پر قائم ہے۔ جبکہ پاکستان کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے منشور کی مضبوط حمایت کرتا ہے، اقوام متحدہ کی قراردادیں مذاکرات، ثالثی اور تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت اجاگر کرتی ہیں۔ نائب وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا اور مذاکرات و کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات میں سہولت کاری کی، تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری مؤثر ترین ذریعہ ہیں، جبکہ امریکا اور ایران کو 47 سال بعد مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی سفارتی کوششوں کی منفرد مثال ہے۔ امن اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتے ہیں، اسحاق ڈار اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان امن، سلامتی اور سفارت کاری کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے اور ریاستوں کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کا حامی ہے۔ پاکستان عالمی چیلنجز کے حل کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ دنیا کے پہلے 10 ممالک میں شامل ہے۔ نائب وزیراعظم نے بھارت پر زور دیا کہ وہ پانی کو ہتھیار بنانے سے باز رہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سمیت بہت سی اقوام متحدہ کی قراردادوں پر تاحال عملدرآمد نہیں ہورہا۔ اسحاق ڈار کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی خدمات کو سراہا اور پاکستان کے عالمی ادارے میں کردار کو تسلیم کیا۔ قبل ازیں دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے درمیان وزارت خارجہ میں ملاقات ہوئی جس میں فلسطین، جموں و کشمیر، افغانستان، انسداد دہشت گردی اور کثیرالجہتی نظام کے مستقبل سمیت علاقائی و عالمی امن و سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو جموں و کشمیر اور سندھ طاس معاہدے سے متعلق پاکستان کے مؤقف سے آگاہ کیا۔  نائب وزیراعظم نے جموں و کشمیر تنازع کے متعلقہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق منصفانہ اور پرامن حل کے لیے پاکستان کے مطالبے کا اعادہ کیا۔ اسحاق ڈار نے مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد مذاکرات میں سہولت کاری کی، تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری مؤثر ترین ذریعہ ہیں۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی دیرینہ خدمات کو سراہا،انتونیو گوتریس نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات، ثالثی اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 3 روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے،ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد آمد پر قائم مقام سیکرٹری خارجہ نبیل منیر نے ان کا استقبال کیا، انتونیو گوتریس کا دورہ آج سے 8 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ بعد ازاں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس وزارت خارجہ پہنچے جہاں وزیر خارجہ اسحاق ڈار نےان کا استقبال کیا۔ملاقات میں خطے کی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبل ازیں ترجمان اقوام متحدہ نے بتایا کہ یو این سیکرٹری جنرل این ڈی ایم اے کا دورہ بھی کریں گے جہاں وہ قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری اور صلاحیت کا مشاہدہ کریں گے۔ اس کے علاوہ انتونیو گوتریس پاک بھارت فوجی مبصر گروپ کے ہیڈ کوارٹرز کا بھی دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران ان کی پاکستان حکام سے امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی اور ثالثی کی کوششوں پر بھی بات چیت ہو گی، پاکستان کے تعمیری کردار اور خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ انتونیو گوتریس آخری مرتبہ 2022 میں پاکستان آئے تھے جب انہوں نے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا تھا۔