سپارکو کا ڈیجیٹل اقدام، ’’مشن ہب‘‘ انٹرنیٹ پورٹل متعارف

پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے خلائی تحقیق، سائنسی معلومات اور خلائی ٹیکنالوجی سے متعلق معلومات تک رسائی کو آسان بنانے کے لیے ’’سپارکو مشن ہب‘‘ کے نام سے ایک نیا انٹرنیٹ پورٹل متعارف کرا دیا ہے۔ شہری astronaut.suparco.gov.pk کے ذریعے سپارکو مشن ہب تک رسائی حاصل کر سکتے ہیں۔ اس پورٹل کا مقصد عوام، طلبہ، محققین اور سائنس و ٹیکنالوجی سے دلچسپی رکھنے والے افراد کو سپارکو کے مشنز، خلائی سرگرمیوں اور تحقیقی منصوبوں سے متعلق معلومات ایک ہی پلیٹ فارم پر فراہم کرنا ہے۔ سپارکو مشن ہب کے ذریعے صارفین کو پاکستان کے خلائی پروگرام اور ادارے کی مختلف سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں سہولت میسر آئے گی۔ یہ اقدام خلائی سائنس کے فروغ، سائنسی آگاہی اور نوجوان نسل میں تحقیق و ٹیکنالوجی کے رجحان کو بڑھانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ سپارکو مشن ہب کے مطابق عوام مشن ڈیش بورڈ کے ذریعے خلائی اسٹیشن کے ماڈیولز، مشن ٹائم لائن اور کاؤنٹ ڈاؤن کلاک سمیت اہم معلومات دیکھ سکتے ہیں۔سپارکو مشن ہب کا کہنا ہے کہ صارفین خلائی اسٹیشن کی لائیو ٹریکنگ کے ساتھ اسلام آباد، لاہور، کراچی، کوئٹہ، پشاور، گلگت اور مظفرآباد سمیت مختلف شہروں پر اس کے گزرنے کا وقت جان سکتے ہیں۔ شہری پورٹل پر نیک تمناؤں کے پیغامات بھیج سکتے ہیں اور مشن سے متعلق ویڈیوز و اپ ڈیٹس دیکھ سکتے ہیں۔