معروف بھارتی اداکارہ کے وارنٹ گرفتاری جاری

کولکتہ کی عدالت نے دھوکا دہی کے الزام میں بھارتی اداکارہ زرین خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کولکتہ میں زرین خان کے خلاف کئی شکایتیں درج کرائی گئی تھیں، کیس کے تفتیشی افسر نے اداکارہ کے خلاف کولکتہ کی سیالدہ عدالت میں چارج شیٹ جمع کرائی تھی۔ زرین خان کے خلاف مقدمہ 2018 میں درج کیا گیا تھا، کولکتہ میں ایک پوجا کے 6 پروگراموں میں پرفارم نہ کرنے پر ان کے خلاف ایونٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شکایات درج کرائی گئی تھیں۔ عدالت کے بار بار نوٹس کے باوجود اداکارہ پیش نہ ہوئیں جس کے بعد اب ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہیں۔ بھارتی میڈیا نے جب گرفتاری کے وارنٹ کے بارے میں زرین خان سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا کہ ‘مجھے یقین ہے اس خبر میں کوئی صداقت نہیں، میں بھی حیران ہوں اور اپنے وکیل سے اس حوالے سے رابطے میں ہوں، ان سے بات کرکے ہی معاملے کا علم ہوسکے گا’۔ زرین خان 2018 میں کولکتہ میں درگا پوجا کی تقریب کے دوران پرفارم کرنے والی تھیں تاہم منتظمین ان کی آمد کا انتظار کرتے رہے لیکن وہ نہیں آئیں۔ پولیس کے مطابق منتظمین نے بالی ووڈ اداکارہ اور ان کے مینیجر کے خلاف دھوکا دہی کی تحریری شکایت درج کرائی تھی۔ زرین خان اس وقت تو پوچھ گچھ کے لیے حاضر ہوگئیں، انہوں نے منتظمین پر غلط بیانی کرنے کا دعویٰ بھی کیا، انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ انہیں منتظمین نے بتایا تھا کہ بنگال کے وزیراعلیٰ سمیت ہیوی ویٹ وزرا تقریب میں شرکت کریں گے تاہم اداکارہ کی ٹیم کو بعد میں پتا چلا کہ یہ شمالی کولکتہ میں ایک چھوٹے پیمانے کا ایونٹ تھا۔ زرین خان نے یہ بھی کہا تھا کہ فلائٹ ٹکٹ اور دیگر رہائش کے حوالے سے غلط بات چیت ہوئی تھی جس کے بعد انہیں شو چھوڑنا پڑا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ زرین خان نے شو کے منتظمین کے خلاف مقامی عدالت میں مقدمہ بھی دائر کیا تھا۔ تحقیقات کے بعد زرین خان اور ان کے مینیجر کے خلاف چارج شیٹ دائر کی گئی، مینیجر نے عدالت میں پیش ہو کر ضمانت کی درخواست کی تاہم اداکارہ نے نہ تو ضمانت کی درخواست کی اور نہ ہی عدالت میں پیش ہوئیں۔