ایک جیل سے نکلنے دوسرا جیل سے بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے: بلاول بھٹو

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عوامی سیاست کی ہے ہم عوامی مفاد کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں جب کہ سیاستدان ایک جیل سے نکلنے اور دوسرا جیل سے بچنے کے لیے الیکشن لڑ رہا ہے۔ کوہاٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غربت کا مقابلہ اور کمزور طبقے کی نمائندگی کی ہے۔ معاشی، سیاسی، جمہوری اور انسانی حقوق کے بحران کا حل پی پی منشور اور ملک کے تمام مسائل کا حل قائد عوام کے نظریے میں موجود ہے۔ چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ کوئی کھلاڑی یا سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔ ہمارا کوئی سیاسی مخالف نہیں، ہمارا مقابلہ مہنگائی، غربت اور بیروزگاری سے ہے۔ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو اشرافیہ کی نہیں بلکہ عوام کی نمائندگی کرتی ہے، عوام ہمارا ساتھ دیں گے اور ہم 8 فروری کو پرانی اور تقسیم کی سیاست کو دفن کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی کی سیاست عوامی مفاد کے لیے ہے۔ ہم عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے الیکشن میں جا رہے ہیں۔ ہم عوام کو گھر گھر عوام کو مفت صحت سہولتیں فراہم کرنے، بینظیر کارڈ ملک بھر میں متعارف کرانے، مزدوروں کسانوں کو حق دلانے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کرنے کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں جب کہ دیگر سیاسی جماعتوں کا ایجنڈا ذاتی مفاد ہے، کوئی الیکشن اس لیے لڑ رہا ہے کہ جیل سے نکل جائے اور کوئی اس لیے جیل سے بچ جائے۔ بلاول نے کہا کہ کے پی میں آج بھی بھٹو زندہ ہے اور رہے گا، ہمیں یہاں آنے اور ورکرز کنونشن کرنے سے ڈرایا گیا اور یہ تک کہا گیا کہ کے پی میں دہشتگرد گھوم رہے ہیں لیکن میں نے کہا کہ ہم جھکنے والے نہیں۔ پی پی کے جیالے مشکل وقت میں پارٹی کیساتھ کھڑے ہیں، آپ نے کامیاب کنونشنز کرکے ثابت کردیا پی پی کے جیالے ہمیشہ الیکشن کیلیے تیار ہیں۔