ڈی آئی خان میں سکیورٹی فورسز کی عمارت پر دہشتگردوں کا حملہ، 3 اہلکار شہید

خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں تھانہ درابن پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔ ڈیرہ اسمٰعیل خان پولیس نے حملے میں 3 اہلکاروں کے شہید اور زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل درابن میں دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی عمارت پر حملہ کیا جس میں حملہ آوروں نے مین گیٹ پربارود سے بھری گاڑی ٹکرائی جس کے نتیجے میں ہونے والے دھماکے سے 3 سکیورٹی اہلکار شہیدہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ دہشتگردوں کی فائرنگ سے 16 سکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے جب کہ اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں 3 دہشتگرد مارے گئے۔ پولیس کا بتانا ہےکہ بارودی مواد کے دھماکے سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں کو ڈیرہ اسماعیل خان اسپتال منتقل کردیاگیا ہے جب کہ تحصیل درابن کی مکمل ناکہ بندی کردی گئی ہے۔