پی ٹی آئی نے علی امین گنڈاپور کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کردیا

پاکستان تحریک انصاف نے سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کو خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی کے عہدے کے لیے نامزد کر دیا۔ بانی پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے لیے پارٹی کو ہدایات دے دیں اور پارٹی کچھ دیر بعد اس کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم سےکوئی اتحاد نہیں ہوگا، ان کے علاوہ تمام جماعتوں سے بات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم پاکستان) سے کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جن کو لے کر آئے ہیں وہ سب سے بڑے منی لانڈرر ہیں، انتخابات سے ملک میں معاشی استحکام آتا ہے لیکن ان انتخابات سے ملک میں معاشی عدم استحکام آئے گا۔ عمران خان نے وزیراعلی خیبرپختونخوا کے لیے نام کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پارٹی کے سینئر رہنما، سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور اگلے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔