بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، لیفٹننٹ کرنل ہلاک

بھارتی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں لیفٹننٹ کرنل سوراب یادیو ہلاک ہوگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ہیلی کاپٹر چیتا  تھا۔ جس میں پائلٹ اور معاون پائلٹ محو پرواز تھے۔
بدقسمت ہیلی کاپٹر نے آج بروز بدھ 5 اکتوبر کو صبح آرمی ایوی ایشن بیس سے معمول کے مشن کیلئے اڑان بھری تاہم تقریباً دن دس بجے ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا۔
دونوں زخمی پائلٹس کو قریبی واقع ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پائلٹ لیفٹننٹ کرنل سوراب یادیو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جانبر نہ ہوسکے، جب کہ معاون پائلٹ زیر علاج ہے۔
بھارتی ایوی ایشن کی جانب سے حادثے سے متعلق مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی چیتا ہیلی کاپٹر کو بھی مگ 21 طیاروں کی طرح اڑتے ہوئے تابوت سے تشبہہ دی جاتی ہے۔ صرف گزشتہ چھ ماہ کے دوران بھارتی فوج کے کم از کم پانچ پائلٹ فضائی حادثات میں اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔