خیبرپختونخوا: بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق

خیبرپختونخوا میں بارش سے متعلق حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 12 دیگر زخمی ہو گئے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے بتایا ہے کہ جاں بحق افراد میں ایک خاتون، 4 بچے اور 3 مرد شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دیواریں اور چھتیں گرنے سے 15گھر مکمل تباہ ہو گئے جبکہ 70 کو جزوی نقصان پہنچا۔ بارش سے متعلقہ حادثات اپر و لوئر دیر، چترال لوئر، ملاکنڈ، سوات، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، شانگلہ اور مالاکنڈ میں ہوئے۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو متاثرہ خاندان کو فوری طور پر امداد اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق متاثرہ اضلاع کے متاثرین میں امدادی سامان فراہم کر دیا گیا اور لوئر چترال کے متاثرین کے لئے اتھارٹی کے ویئر ہاوس سے 200 خیمے روانہ کیے گئے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کا مزید کہنا ہے کہ چترال میں کئی بند شاہراہوں کو عام ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، اور دیگر بند سٹرکوں کو فوری ٹریفک کے لیے بحال کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہیں۔ْ اتھارٹی کے مطابق وہ ضلعی انتظامیہ، متعلقہ اور امدادی اداروں سے مسلسل رابطے میں ہے۔ پی ڈی ایم اے نے یہ بھی کہا کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، اور عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع 1700 پر دیں۔