6 ارب کی لاٹری جیتنے والے شخص نے بیوی بچوں سے رقم کیوں چھپالی؟ جان کر آپ بھی حیران ہو جائیں گے

چین میں ایک شخص نے 21 کروڑ 90 لاکھ یوآن (6 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کی لاٹری جیتنے کے بعد اس بات کو اپنی بیوی اور بچے سے چھپالیا۔
لی (پورا نام ظاہر نہیں کیا گیا) نامی شخص کے مطابق اسے ڈر ہے کہ انعامی رقم بیوی بچوں کی شخصیت خراب نہ کردے۔
چین کے صوبے گوانگشی میں انعامی رقم لینے کے لیے یہ شخص جب دفتر پہنچا تو اس نے ایک کاسٹیوم پہنا ہوا تھا جس سے اس کا چہرہ چھپ گیا تھا۔
اس شخص نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ‘میں نے اپنے بیوی بچوں کو اس خوف سے لاٹری جیتنے کا نہیں بتایا کہ وہ بہت زیادہ مطمئن ہوکر مستقبل میں محنت نہ کریں یا بالکل ہی کوئی کام نہ کریں’۔
اس شخص نے 50 لاکھ یوآن فلاحی کاموں کے لیے عطیہ کردیے ہیں اور اس کا کہنا ہے کہ ابھی یہ فیصلہ نہیں کیا کہ باقی رقم کے ساتھ کیا کرنا ہے۔
اس کے مطابق جب لاٹری جیتنے کا علم ہوا تو پوری رات ہوٹل میں گزاری کیونکہ ڈر تھا کہ لاٹری ٹکٹ گم نہ ہوجائے۔