سردیوں کی سوغات، گاجر کا لذیذ حلوہ کہاں کا زیادہ مشہور؟

سردیوں کے آتے ہی گرم تاثیر رکھنے والی غذاؤں اور حلووں کا استعمال بڑھ جاتا ہے جن سے غذائیت اور ذائقے سمیت جسم میں حرارت بھی پیدا ہوتی ہے اور سردی کم لگتی ہے۔
خیبر پختون خوا کے ضلع سوات کا مرکزی شہر مینگورہ سردی کے موسم میں گرم گرم اور لذیز گاجر کے حلوے کے لیے شہرت رکھتا ہے۔
سوات کے بالائی علاقوں کالام، مالم جبہ، میاندم اور مرغزار میں موسم سرما کے دوران برف باری ہوتی ہے تو پوری وادی سردی کی لپیٹ میں آ جاتی ہے۔
ایسے میں گھروں کے علاوہ بازاروں میں بھی دیگر گرم پکوانوں کے علاوہ گاجر کے حلوے کی دکانوں میں لوگوں کا رش نظر آتا ہے۔
خالص اجزاء سے تیار کردہ گاجر کا حلوہ سردیوں کی سوغات ہے اور جب اسے لوگ کھاتے ہیں تو اپنے جسم میں حرارت اور توانائی محسوس کرتے ہیں۔
شام کے بعد تو بازاروں میں گاجر کے حلوے کی ڈیمانڈ بڑھ جاتی ہے، جہاں شہری خود بھی لذیز حلوے کا مزہ لیتے ہیں تو دوستوں اور اہل خانہ کے لیے بھی لے کر جاتے ہیں۔