چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر کیس کی سماعت ہوئی جس میں پی ٹی آئی اراکین پیش نہیں ہوئے۔
کیس کی سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ عمران خان کو گولی لگی ہے اور فواد چوہدری کو فلو ہے، اس لیے وہ پیش نہیں ہو سکے۔
عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آ جائے تو اس کی گائیڈ لائنز کے مطابق چلیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: صوبائی اسمبلیاں کب توڑیں گے؟ اسد عمر نے واضح کر دیا
الیکشن کمیشن کے رکن نے کہا کہ ہمیں ولن نہ بنائیں، اسد عمر نے ہائی کورٹ میں معافی مانگی ہے، یہاں بھی کہہ دیں کہ ہمارا یہ مقصد نہیں تھا، معافی چاہتے ہیں، فیصلہ ان شاء اللّٰہ انصاف پر مبنی ہو گا۔
الیکشن کمیشن پاکستان نے توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 3 جنوری تک ملتوی کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کو آئندہ سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت کردی۔






