عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں: وزیراعظم

 وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں، اس کا مقصد سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔
ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سیاسی استحکام اور میثاق معیشت ہی پاکستان کی قومی سلامتی کو مضبوط کر سکتے ہیں، عوام کی حالت پر رحم کریں، مہنگائی کے عذاب سے انہیں نجات دلانا سیاست ہے، عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس طلب کرلیا
شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئین کی طاقت سے ملک کو جھوٹی حکومت سے نجات دلائی تھی اب عوام کو روٹی اور روزگار کی پریشانیوں سے نجات دلائیں گے جب کہ سیاسی شرپسند انتشارپھیلا کردنیاکو بتانا چاہتے ہیں پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کریں، سیلاب متاثرین کو سردی، بھوک اور بیماری سے بچانے میں سیاسی شریروں کا حصہ نہیں، یہ سیاسی مطلب پرست اور خودغرض ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب ملک ترقی کرناشروع کرتا ہے تو فسادی لشکرکیوں متحرک ہوجاتا ہے؟ کوئی شک نہیں رہا کہ ایک ایجنڈےکےتحت معاشی تباہی کی گئی، سیاسی عدم استحکام بھی اسی کا تسلسل ہے،عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑ رہے ہیں،اس کا مقصد سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔