ابوظبی میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، پائلٹ زخمی

ابوظبی کی معروف جامع مسجد کے قریب چھوٹا طیارہ گر کر تباہ اور اس کا پائلٹ زخمی ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایک چھوٹا طیارہ ابوظبی کی جامع مسجد کی کار پارکنگ میں گر کر تباہ ہوا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے پائلٹ کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ حادثہ طیارے میں تکنیکی خرابی کے باعث پیش آیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایک انجن کا حامل سیسنا طیارہ امارات کے دارالحکومت میں واقع نجی جیٹ طیاروں کے لیے مخصوص ہوائی اڈے کی جانب محو پرواز تھا، مگر بدقسمتی سے ابوظبی کی معروف جامع مسجد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا۔
اماراتی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے ابتدائی تحقیقات کی معلومات جاری کی ہیں، جس کے مطابق طیارہ ائرپورٹ پر لینڈنگ کے لیے آ رہا تھا کہ تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوگیا۔