ایم کیو ایم کی اتحاد چھوڑنے کی دھمکی کام کرگئی، حکومت مسائل حل کرنے کے لیے متحرک

 متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی جانب سے وفاقی حکومت سے اتحاد ختم کرنے کی دھمکی کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما نے وفاقی وزیر امین الحق سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔مسلم لیگ کے رہنما اور وفاقی وزیر ایاز صادق نے ایم کیو ایم رہنما و وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق سے ٹیلی فونک رابطہ…
ذرائع کے مطابق ٹیلی فونک رابطے میں دونوں رہنماؤں نے اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا جبکہ ایم کیو ایم کے تحفظات کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔ مسلم لیگ ن کے رہنما نے ایک بار پھر ایم کیو ایم کو معاہدے پر پیدا ہونے والے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی نے کہا تھا کہ الیکشن غیر جانب دار اور شفاف ہوں تو ہم ضرور تیار ہیں مگر سندھ کے اندر بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے جو حلقہ بندیاں کی گئی ہیں وہ متنازع ہیں، 15 جنوری کو شفاف انتخابات ہورہے ہیں اور ہم نے 8 ماہ کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے درجنوں ملاقاتیں کی ہیں جن میں کہا ہے کہ فوری طور پر کراچی و حیدر آباد کی حلقہ بندیاں تبدیل کی جائیں۔
انہوں نے عندیہ دیا کہ اگر حلقہ بندیوں کو درست نہ کیا گیا تو پھر ہم کارکنان اور عوام کے پاس جائیں گے اور سڑکوں پر آجائیں گے اور یہ بھی سوچیں گے کہ حکومت میں رہتے ہوئے الیکشن لڑیں یا پھر اتحاد کو چھوڑ دیں۔