پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے پرعزم ہے: پرویز الٰہی

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب حکومت سیلاب متاثرین کی بحالی و آبادکاری کے لئے پرعزم ہے۔
پرویز الٰہی کا کہنا ہے کہ حالیہ سیلاب سے بے پناہ تباہی ہوئی ہے، سب سے پہلے میں خود سیلاب متاثرین کے پاس پہنچا، میں نے راجن پور، تونسہ، ڈی جی خان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں تباہی کو خود اپنی آنکھوں سے دیکھا-
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میرے سمیت چیف سیکرٹری سے لیکر پنجاب حکومت کی پوری ٹیم متاثرہ علاقوں میں موجودتھی،  متاثرہ علاقوں میں اب بھی تسلسل کے ساتھ امدادی سرگرمیاں چل رہی ہیں۔ ریسکیو 1122نے متاثرہ علاقوں میں بے پناہ کام کیا اور بھرپور طریقے سے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے پوری محنت اور کوشش سے بحالی کا کام شروع کیا، صاحب حیثیت اور مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں کہ بینک آف پنجاب میں وزیراعلیٰ فلڈ ریلیف فنڈ کیلئے کھولے گئے اکاؤنٹ میں دل کھول کر عطیات دیں، عمران خان نے ٹیلی تھون پربھی متاثرین سیلاب کے لئے عطیات دینے کی اپیل کی، بینک آف پنجاب کا سسٹم شفاف ہے اور جمع ہونے والی رقم کی مانیٹرنگ کا نظام وضع کیا گیاہے۔