عمران خان نے مبینہ بیٹی کو چھپانے کے کیس میں جواب جمع کرادیا

مبینہ بیٹی ٹیریان کو کاغذات نامزدگی میں ظاہر نہ کرنے کے کیس میں نامزد چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں نااہلی کیس میں ابتدائی جواب جمع کرا دیا ہے۔
عمران خان نے اپنے خلاف کیس کو خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف پیش کیا ہے کہ بطور رکن اسمبلی آفس چھوڑ چکا، اس لئے میرے خلاف درخواست قابل سماعت نہیں۔
عمران خان نے اپنے جواب میں یہ بھی مؤقف اختیار کیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ اس درخواست کو نہيں سن سکتی۔
عمران خان نے موقف اختیار کیا کہ ٹیریان وائٹ کیس پر نااہلی کی درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ پہلے خارج کر چکا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چار جج اس معاملے کو سننے سے پہلے معذرت کر چکے، عبدالوہاب بلوچ نے اسی معاملے پر پہلے درخواست دائر کی تھی، یکم اگست 2018کو جسٹس عامر فاروق اس کیس کو سننے سے معذرت کر چکے، جو جج پہلے کیس سے معذرت کر چکے ہوں وہ دوبارہ اسے نہیں سن سکتے، یہ عدالت اس کیس کے حوالے سے پہلے بھی فیصلہ کر چکی ہے۔
واضح رہے کہ ساجد نامی شہری نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں مؤقف پیش کیا ہے کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت غلط معلومات فراہم کیں، اور انہوں نے بچوں کی تفصیل میں 2 کا ذکر کیا بیٹی کی معلومات چھپائیں۔