16 بار وفاقی وزیر رہا ہوں، اس عمر میں سیاسی ہمدردیاں نہیں بدل سکتا: شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ 16 بار وفاقی وزیر رہا ہوں، اس عمر میں سیاسی ہمدردیاں نہیں بدل سکتا، میں مر جاؤں گا ان کی بات نہیں مانوں گا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزام میں گرفتار شیخ رشید کو پولیس ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد لے کر پہنچی جہاں انہوں نے میڈیا سے غیر رسمی بات کی۔
اس موقع پر شیخ رشید نے دعوی کیا کہ یہ لوگ صرف میری وفاداریاں اور سیاسی ہمدردیاں بدلنا چاہتے ہیں، رات کو بھی مجھے ایک اہم شخصیت سے ملنے کا کہہ رہے تھے، لیکن میں نے انکار کردیا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مجھ پر سیاسی ہمدردیاں تبدیل کرنے کے لئے جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے، یہ لوگ صرف میری وفاداریاں تبدیل کرنا چاہتے ہیں، میں مر جاؤں گا ان کی بات نہیں مانوں گا۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پولیس والے میرے بھائی ہیں، میں نے اپنے دونوں فونز کے پاسورڈ پولیس کو دے دیئے ہیں۔