پاک امریکا دفاعی مذاکرات کا دوسرا دور آج سے شروع

پاکستان اور امریکا کے مابین دفاعی تعلقات کا دوسرا دور آج بروز پیر 13 فروری سے امریکی دارالحکومت واشنگنٹن ڈی سی میں شروع ہو رہا ہے، پاکستان امریکا کے مابین دفاعی مذاکرات کا دوسرا دور 16 فروری 2023 تک واشنگٹن ڈی سی میں جاری رہے گا۔ مذاکرات کا پہلا دور جنوری 2021 میں پاکستان میں ہوا تھا۔
چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹننٹ جنرل محمد سعید کی سربراہی میں پاکستان کا بین الاقوامی وفد وزارت خارجہ، جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز اور تین سروسز ہیڈ کوارٹرز کے سینیر حکام پر مشتمل ہے۔ امریکی ملٹی ایجنسی ٹیم کی نمائندگی انڈر سیکریٹری آف ڈیفنس آفس کرے گا۔
دفاعی مذاکرات کے دوران دوطرفہ دفاعی اور سیکیورٹی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے آج جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ جنوری 2021 میں پاکستان میں ہونے والے مذاکرات کے پہلے دور کے بعد پاکستان اور امریکا کے درمیانی سطح کے دفاعی مذاکرات کا دوسرا دور ہوگا۔
پاکستانی وفد میں 2 میجر جنرل، 2 بریگیڈیئر، ایڈیشنل سیکریٹری برائے ریاست ہائی متحدہ امریکا محمد مدثر ٹیپو ( وزارت خارجہ) اور سینیر افسر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 30 جنوری کو پشاور کے علاقے پولیس لائنز میں ہونے والے خود دھماکے میں 100 سے زائد افراد شہید اور درجنوں زخمی ہو گئی تھے۔
امریکی وزیر خارجہ کیلئے خصوصی سفارتی ذمہ داریاں انجام دینے والے چولٹ مختلف مسائل پر بات چیت کے لیے آنے والے ہفتے اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فریم ورک معاہدے کے مذاکرات رواں ماہ فروری کے آخری ہفتے میں واشنگٹن میں ہوں گے، جب کہ دونوں ممالک ایک ہفتے بعد اگلے ماہ انسداد دہشت گردی کے مذاکرات بھی کریں گے۔
انسداد دہشت گردی ڈائیلاگ اگلے ماہ اسلام آباد میں منعقد ہو سکتے ہیں جس میں کالعدم عسکریت پسند ، دہشت گرد تنظیم، گروپوں تحریک طالبان پاکستان اور اسلامک اسٹیٹ-خراسان جیسے گروپوں کی کارروائیوں پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی، جنہوں نے ایک بار پھر خطے میں اپنی سرگرمیاں بڑھا دی ہیں۔