ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

جنگ ستمبر میں بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرنے والے قوم کے عظیم بیٹوں کی یاد میں ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
یوم دفاع کے حوالے سے مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاک فضائیہ کے چاق چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لئے۔ پاکستان ائیر فورس اکیڈمی اصغر خان کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کےفرائض سنبھالے۔
یوم دفاع و شہداء پر پیغام دیتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج قوم پاک سر زمین کے بہادر بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کر رہی ہے، ہم شہداء کے والدین اور اہل خانہ کا بے حد احترام کرتے ہیں، ہماری بہادر فوج نے ثابت کیا کہ وہ وطن کے دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں، سیلاب میں جانیں بچانے پر افواج اور دیگر اداروں کے کردار کو سراہتا ہوں، امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ضروری ہے، مقبوضہ کشمیر جنوبی ایشیا کی دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان فلیش پوائنٹ ہے۔
صدر مملکت عارف علوی کا یوم دفاع و شہداء کے موقع پر کہنا تھا کہ دفاع وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں، چھ ستمبر غیر متنزل عزم، جذبہ حب الوطنی اور عظیم قربانی کی علامت ہے، قوم اور مسلح افواج نے وطن عزیز پر آنے والی ہر آزمائش کا مقابلہ کیا، بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت مسئلہ کشمیر حل کرے۔