آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا گوادر کا دورہ

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر کا دورہ کیا، اس موقع پر آرمی چیف کو سکیورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی گئی، آرمی چیف کو سی پیک سکیورٹی، محفوظ ماحول کو یقینی بنانے کی کوششوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے تمام رینکس کی کوششوں کو سراہااور بلوچستان کے عوام کی بھلائی کیلئے کام جاری رکھنے پر زوردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مقامی معززین، منتخب نمائندوں اورمختلف شعبوںکے افراد سے گفتگوکی، اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہاکہ مٹھی بھر گمراہ عناصر بلوچستان کے عوام و مسلح افواج کا عزم متزلزل نہیں کر سکتے، بلوچستان کے عوام اور مسلح افواج امن و خوشحالی یقینی بنانے کو پرعزم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے علاقے کی سماجی و اقتصادی ترقی پر خاص زور دیا،آرمی چیف نے تعلیم، سولر تنصیب، ماہی گیری، پانی، صحت، کھیل و معاشی فلاحی منصوبوں کا اعلان کیا،آرمی چیف کے دورے پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور کور کمانڈر کوئٹہ بھی موجود تھے۔