عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کی انتخابی ریلی زمان پارک سے روانہ

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سربراہی میں لاہور میں ریلی نکالی جارہی ہے جس میں عمران خان بھی موجود ہیں۔ ریلی میں کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے جبکہ عمران خان اپنی بلٹ پروف گاڑی میں بیٹھے ہوئے ہیں۔
لاہور کی انتظامیہ نے عمران خان کو ریلی نکالنے کے لیے اجازت دے دی تھی۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کارکنان زمان پارک سے داتا دربار جا رہے ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز لاہور کی ضلعی انتظاميہ سے کامیاب مذاکرات کے باوجود نگران حکومت کنٹینر لگا کر راستے بند کر رہی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ آج ہونے والی پی ٹی آئی الیکشن ریلی کے مختلف پوائنٹس جن میں بھاٹی گیٹ،لوہاری گیٹ،موچی گیٹ، گامے شاہ اور داتا دربار پر کنٹینرز لگا دیے گئے ہیں اس سے قطع نظر کہ اتوار کے روز ریلی کے روٹ پلان کے حوالے سے انتظاميہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات ہوئے تھے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات ظاہر کرتے ہیں کہ حکومت آج پھر تصادم چاہتی ہے۔ تحریک انصاف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ساری رکاوٹوں کو ہٹایا جائے۔