عمران خان کی گرفتاری کیلئے پولیس ٹیم زمان پارک پہنچ گئی

سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد اسلام آباد پولیس ٹیم اور بکتر بند گاڑی زمان پارک پہنچ گئی. ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد شہزاد بخاری کی سربراہی میں پولیس ٹیم عمران خان کی گرفتاری کے لیےزمان پارک پہنچ پہنچی ہے۔
اسلام آباد پولیس کے ہمراہ لاہور پولیس کی بھاری نفری بھی عمران خان کے گھر کے باہر ہے۔ پولیس نے زمان پارک جانے والے تمام راستے بند کردیے ہیں۔
پولیس کے دو افسران نے گرفتاری کا نوٹس وصول کروانے کے لیے ہاتھ میں پلے کارڈ اٹھا رکھے ہیں۔ پلے کارڈز پر نوٹس وصول کروانے کے حوالے سے تحریر موجود ہے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ہم وارنٹ کی تعمیل اور عمران خان کو گرفتار کرنے آئے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد شہزاد ندیم بخاری بکتر بند گاڑی اور پولیس ٹیم کے ہمراہ زمان پارک کے باہر موجود ہیں۔
کارکنان کی بڑی تعداد زمان پارک پہنچ گئی اور پولیس کے خلاف مزاحمت کے لئے پوزیشن سنبھال لی۔ انہوں نے ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھائے ہوئے ہیں اور شدید نعرے بازی کررہے ہیں۔