وہ شخص لیڈر نہیں ہوتا جو عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنائے: مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان پاکستان میں خانہ جنگی چاہتا ہے، حکومت کا گرفتاری سے کوئی تعلق نہیں ہے، عدالت نے پولیس کو اریسٹ وارنٹ دیا ہے، وہ شخص لیڈر نہیں ہوتا جو عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنائے۔
مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پولیس عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنے کے لیے لاہور میں موجود ہے، عمران خان عورتوں اور بچوں کے مورچے کو استعمال کر رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ جو اپنے آپ کو بہادر خان کہتا تھا وہ چارپائی کے نیچے چھپ کر بیٹھا ہوا ہے، یہ شخص ایک مجرم ہے، اسے عدالت نے بلایا ہے، پولیس کے پاس کوئی اسلحہ موجود نہیں ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اگر خیرات کے پیسے ہاؤسنگ سوسائٹی میں انویسٹ نہیں کیے تو جواب دو، اگر تم ٹیریان کے والد نہیں ہو تو عدالت میں جواب دے دو، جواب دے دو کہ توشہ خانہ سے گھڑی نہیں لی۔
انہوں نے کہا کہ کارکن سڑکوں پر رُل رہے ہیں اور یہ بنکر میں بیٹھا ہوا ہے، ہمارے رہنماؤں نے گرفتاریاں دیں، یہ جانتے ہوئے کہ جھوٹے کیس ہیں۔