بلانے کے باوجود عمران خان عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے، مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بلانے کے باوجود عمران خان عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے، عمران خان غیر ملکی میڈیا کو کہتے ہیں کہ میرے پاس حفاظتی ضمانت ہے، وہ جھوٹ بولتے ہیں، پھر کہتے ہیں کہ میری جان کو خطرہ ہے، میں معذور ہوں، بزرگ ہوں، بیمار ہوں جس کی وجہ سے…
مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آج عدالت میں جا رہے ہیں جہاں ان پر توشہ خانہ کیس میں فرد جرم عائد ہونی ہے، 18 اگست 2022 سے وہ عدالتوں میں پیش نہیں ہو رہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اگر ان کے پاس حفاظتی ضمانت تھی تو پھر وہ بیمار اور معذور کیوں ہیں، جب پولیس گرفتار کرنے آئی تھی تو اس کو حفاظتی ضمانت دکھادیتے، اگر ضمانت موجود تھی تو پھر انڈر ٹیکنگ کیوں دی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان آج کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے نمائندے، ڈنڈے، غلیلیں لے کر عدالت میں پیش ہو رہے ہیں، جن جماعتوں کے پاس مقبولیت ہوتی ہے انہیں کالعدم تنظیموں کے لوگ حفاظت کے لیے نہیں چاہیے ہوتے، وہ عدالتوں میں ڈنڈے لے کر نہیں جاتے۔