سستے فیول پروگرام پر آئی ایم ایف کا اعتراض نہیں بنتا: مصدق ملک

وزیر مملکت برائے پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی جانب سے پیٹرول پیکج پر مشاورت نہ کرنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیکج کو بلکل مؤخر نہیں کیا گیا، اس پر آئی ایم ایف کا اعتراض نہیں بنتا۔
میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم نے کہا کہ آئی ایم ایف کو اعتراض اُس وقت ہونا چاہیے جب ہم کوئی سبسڈی دیں۔
ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پیٹرول پیکج کے تحت کوئی سبسڈی نہیں دی جائے گی، آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ ہے کہ سسبڈی نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے پیٹرول پیکج پر سبسڈی زیرو ہوگی، غریب کے لیے پیٹرول سستا اور امیر کے لیے مہنگا کریں گے۔
مصدق ملک نے مزید بتایا کہ جتنا غریب کے لیے پیٹرول سستا اتنا ہی امیر کے لیے مہنگا کریں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عالمی مالیاتی ادارے نے کہا تھا کہ پاکستان نے کم آمدنی والے افراد کو سبسڈی دینے کے لیے امیر گاڑی والوں کے لیے ایندھن کی قیمتیں بڑھا کر فنڈز اکٹھا کرنے پر اس سے کوئی مشاورت نہیں کی۔