ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ نماز فجر کے بعد مملکت خدادا دکی سلامتی کیلئے دعائیں کی گئیں، مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی بقا کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔
آج کا دن 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے اجلاس میں منظور کی گئی قرارداد کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کی روشنی میں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لئے ایک علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر کیا۔ یہ قرارداد لاہور منٹو پارک میں پیش کی گئی جہاں اس کی یادگار کے طور پر مینار پاکستان تعمیر کیا گیا۔
دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، وفاقی دارالحکومت میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
یوم پاکستان پر شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی جبکہ ایوان صدر اسلام آباد میں مسلح افواج کی پریڈ کی پُروقار تقریب منعقد ہوگی۔






