الیکشن کمیشن نے انتخابات اکتوبر تک ملتوی کرکے آئین منسوخ کردیا: سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات اکتوبر تک ملتوی کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔ایک بیان میں سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن نے تمام آئینی اداروں سے آئین کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔
سپریم کورٹ بارکا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن نے انتخابات اکتوبر تک ملتوی کرکے آئین منسوخ کردیا، الیکشن کمیشن کسی بھی صورت میں انتخابات کی تاریخ تبدیل نہیں کرسکتا، سپریم کورٹ کے فیصلے میں واضح تھا کہ انتخابات 90 دنوں میں کرانے لازم ہیں۔
سپریم کورٹ بار کے مطابق الیکشن کمیشن نے اپنے آئینی مینڈیٹ اور سپریم کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی، الیکشن کمیشن نے آئین وسپریم کورٹ کے فیصلےکی غلط تشریح کی، آئین کے تحت نگران حکومت بھی 90 دن سے زیادہ قائم نہیں رہ سکتی۔
سپریم کورٹ بار کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن کی آئین کی کھلی خلاف ورزی ملک میں انتشار پھیلائےگی، تمام آئینی ادارے آئین منسوخ نہ کرنے کے لیے جامع اقدامات کریں۔