ن لیگ نے آئین پر حملے کا فیصلہ کرلیا ہے: شاہ محمود قریشی

پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے آئین پر حملے کا فیصلہ کرلیا ہے، ججز کو دباو میں لانے کیلئے کوشش کی جارہی ہے، کہا جارہاہے کہ 3ججز کیخلاف ریفرنس دائر کیا جائےگا، رانا ثنا اللہ نے گزشتہ روز ججز پر براہ راست حملے کی کوشش کی ہے۔
کراچی میں  پریس کا کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی 73کے آئین پر فخر کرتی ہے لیکن بھٹو کے نواسے نے ان کے بنائے گئے آئین پر حملے کا فیصلہ کیا ہے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ جس آئین پر پیپلز پارٹی فخر کررہی تھی اسے توڑنے کی کوشش کی جارہی ہے، ذولفقارعلی بھٹو کا نواسہ آئین توڑنے کی کوشش کرنےوالی قوتوں کے ساتھ کھڑاہے،یہ کہنا پڑے گا کہ جو آئین بھٹو نے بنایا وہ آصف زرداری نے برباد کردیا۔
انہوں نے کہا کہ آئین کہتا ہے کہ اگراسمبلی تحلیل ہوتی ہے تو 90 روزکے اندر الیکشن ہونے ہیں،آئین کی تشریح کا اختیار سپریم کورٹ کے پاس ہے،آئین میں کسی بھی قسم کا ابہام نہیں ہے، آزاد عدلیہ کے بغیر خودمختار باوقار جمہوریت ممکن نہیں۔
شاہ محمود نے کہا کہ آج یہ کہتے ہیں کہ الیکشن نہیں ہونے چاہییں، پھر کاغذات نامزدگی کیوں داخل کروائے گئے تھے،کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل ہوگئی ہے،اب پھر ہچکچاہت اور عمران خان کا خوف طاری ہورہا ہے، یہ جو قانون لانا چاہ رہے ہیں اس پر صدر سے بھی قانونی مشاورت کررہے ہیں، پاکستان کی سیاسی جماعتوں کو آج فیصلہ کرنا ہوگا،جو جماعتیں آئین شکنی کرنا چاہتی ہیں انہیں کھل کر بتانا ہوگا۔