وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات اکتوبر سے قبل کرانا مشکل ہیں، انتخابات ہونے چاہئیں لیکن موجودہ صورتحال میں ان کا انعقاد ممکن نہیں ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے لاہور میں پارٹی رہنماؤں اور قانونی ماہرین نے ملاقات کی، جس میں سپریم کورٹ میں زیر سماعت مقدمات اور سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق یہ مشاورتی اجلاس وزیر اعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہوا، جس میں اٹارنی جنرل عثمان منصور، اعظم نذیر تارڑ، ایاز صادق، ملک احمد خان اورعطاء اللہ تارڑ سمیت دیگر شریک ہوئے۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل عثمان منصور نے کل کی سماعت پر بریفنگ دی، سماعت کے حوالے سے آئینی و قانونی پہلوؤں پرغور کیا گیا، جب کہ فل کورٹ کی استدعا مسترد ہونے پر ریویو میں جانے کے قانونی پہلوؤں پر بھی مشاورت کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پنجاب اور کے پی الیکشن اکتوبرسےقبل کرانامشکل ہیں، الیکشن ہونے چاہئے، لیکن موجودہ صورتحال میں ممکن نہیں، ہم ملکی معیشت کو ٹھیک کرنے کیلئے کوشش کر رہے ہیں، مہنگائی کی لہر پر جلد قابو پا لیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ وقت تخریبی سیاست کا نہیں، سپریم کورٹ کا احترام ہے، اختلافی نوٹ سے ابہام پیدا ہو گیا۔






