وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا گیا۔ وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج رات 8 بجے طلب کیا گیا ہے جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر غور ہوگا۔
ذرائع کے مطابق کابینہ اجلاس میں ایک نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا اور سپریم کورٹ میں زیرسماعت الیکشن التوا کیس کا معاملہ زیر غور آئے گا۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ میں پنجاب اور خیبرپختونخوا (کے پی) میں الیکشن کے التوا سے متعلق کیس کی سماعت مکمل ہوگئی اور فیصلہ محفوظ کرلیا گیا ہے جو منگل کو کسی بھی وقت سنایا جائے گا۔
وہیں دوسری جانب قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مخلوط حکومت نے موجودہ بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے، چیف جسٹس فل کورٹ بنائیں اور خود کو الگ کرنے والے ججز کو شامل نہ کریں تو فیصلہ پوری قوم کو قبول ہو گا۔






