پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد رد عمل سامنے آگیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا ہے کہ آج کا فیصلہ اس سازش کا آخری وار ہے جس کا آغاز آئین کو ری رائٹ کر کے پنجاب حکومت پلیٹ میں رکھ بنچ کے لاڈلے عمران خان کو پیش کی گئی کہ لو بیٹا، توڑ دو تاکہ ہم جیسے سہولت کاروں کی موجودگی اور نگرانی میں تمہیں دوبارہ منتخب کیا جائے۔
ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ 2018ء میں جو کام جنرل (ر) فیض، جسٹس (ر) کھوسہ اور جسٹس (ر) ثاقب نثار نے انجام دیا تھا، وہ ذمہ داری اب مذکورہ بنچ نے اٹھا لی ہے۔ اس خوفناک اور ڈھٹائی سے کی گئی سہولت کاری اور ون مین شو کے خلاف سپریم کورٹ کی اکثریت نے بغاوت کر دی۔
2018 میں جو کام فیض، کھوسہ اور ثاقب نثار نے انجام دیا تھا، وہ ذمہ داری اب اس بنچ نے اٹھا لی ہے۔ اس خوفناک اور ڈھٹائی سے کی گئی سہولت کاری اور ون مین شو کے خلاف سپریم کورٹ کی اکثریت نے بغاوت کر دی۔ وقت آ گیا ہے کہ پارلیمنٹ اس سہولت کاری کو اپنے آئینی اور قانونی ہاتھوں سے روک دے۔ https://t.co/8JOoBEez66
— Maryam Nawaz Sharif (@MaryamNSharif) April 4, 2023
مریم نواز نے آخر میں مزید لکھا کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے فیصلہ مسترد کر دینا کافی نہیں ہے۔ آئین اور قانون کی دھجیاں اڑا کر لاڈلے کو مسلط کرنے کی کوشش کرنے والوں کو کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے۔
واضح رہے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات ملتوی ہونے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی درخواست پر سپریم کورٹ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کا 22 مارچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا ہے اور 14 مئی کو پنجاب میں الیکشن کرانے کا حکم دے دیا ہے۔






