شہباز شریف سوچ لے فیصلہ ماننا ہے یا نااہل ہو کر رائیونڈ جانا ہے: شیخ رشید

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے پنجاب میں انتخابات سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف سوچ لے عدالت کا فیصلہ ماننا ہے یا نااہل ہو کر رائیونڈ جانا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں شیخ رشید نے کہا ہے کہ عدالت نے مشکل وقت میں بہتر فیصلہ دیا اور نظریہ ضرورت نہیں بنی، 3 ججز پر ریفرنس لانے، ایمرجنسی لگانے یا مارشل لاء کی باتیں کرنے کے ڈراونے خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ عدلیہ خود آئین کے تابع ہے، ملک کے تمام ادارے عدلیہ کے تابع ہیں، عوام کا نام ریاست ہے، عدلیہ کا فیصلہ نہ مانا تو گلی کوچے میں بغاوت ہوگی۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا ہے کہ بھگوڑے نواز شریف کی دردناک اور مایوس کن پریس کانفرنس خود اس کا منہ چڑھا رہی، ہفتے سے سعودی عرب کے سرکاری مہمان بننے کی بھیک مانگ رہے ہیں، شہباز شریف سوچ لے کہ عدلیہ کا فیصلہ ماننا ہے یا توہین عدالت میں نااہل ہو کر رائیونڈ جانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا ہے جنگجو فورس ‌نہیں چاہیے، رینجرز، ایف سی اور ایکس سروس مین بھی کافی ہیں، سپریم کورٹ کے اندر کسی نے نہیں کہا کہ ہم بائیکاٹ کرنا چاہتے ہیں، سب دلائل دینا چاہتے تھے۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ 85رکنی کابینہ کا جمعہ بازار سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد نہیں کرسکتی، شہباز شریف نااہلی یا انارکی میں سے ایک کے لیے تیار ہو جائیں، سو پیاز بھی کھائیں گے، سو لتر بھی کھائیں گے اور عدلیہ کا فیصلہ بھی مانیں گے۔