ایک شخص کی ہٹ دھرمی کسی صورت قبول نہیں، انتخابات اپنے وقت پر ہونگے: رانا ثنا اللہ

وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ متنازعہ الیکشن ملک کو انارکی اور افراتفری کی جانب لے جائے گا، ہم الیکشن سے گھبرانے والے نہیں،متنازعہ انداز سے الیکشن کرانے کی کوشش ہورہی ہے، ایک شخص کی ہٹ دھرمی کسی صورت قبول نہیں کریں گے، انتخابات اپنے وقت پر ہونگے۔
راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کے وکلا کنوینشن سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ متنازعہ انداز سے الیکشن کرانے کی کوشش ہورہی ہے،ماضی میں بھی 2الیکشن اسی طرح متنازعہ رہے ہیں، 3ججز یہ فیصلہ کررہے ہیں کہ 14مئی کو الیکشن ہونا چاہیے، تیسرا الیکشن بھی اسی طرح منعقد کیا گیا تو ملک کی تباہی کا باعث بنے گا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ 1971 اور 77 کے انتخابات کے نتائج ہم آج تک بھگت رہے ہیں، الیکشن ضرور ہوں گے مگر اپنے وقت پر ہونگے۔
واضح رہے گزشتہ روز سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے پنجاب میں انتخابات کے التواء کا الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ غیرقانونی اور غیر آئینی ہے، پولنگ 30 اپریل کے بجائے 14 مئی کو ہوگی۔
عدالت عظمیٰ نے الیکشن کمیشن کا انتخابات 8 اکتوبر کو کرانے کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن شیڈول بحال کردیا گیا، جس میں چند تبدیلیاں کی جائیں گی۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا 22 مارچ کا فیصلہ غیر قانونی اور غیر آئینی تھا، آئین اور قانون الیکشن کمیشن کو انتخابی تاریخ میں توسیع کی اجازت نہیں دیتا، 22 مارچ کو الیکشن کمیشن نے فیصلہ دیا تب انتخابی عمل پانچویں مرحلے پر تھا، الیکشن کمیشن کے آرڈر کے باعث 13 دن ضائع ہوگئے۔